اٹالین چیمپئن یووینٹس نے کرسٹیانو رونالڈو سے معاہدہ کر لیا
روم(اے پی پی) اٹالین چیمپئن یووینٹس نے پانچ مرتبہ ورلڈ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ جیتنے والے شہرہ آفاق پرتگالین فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سے معاہدہ کر لیا، رونالڈو نے 105 ملین پائونڈ کے عوض چار برس کیلئے اٹالین کلب میں شمولیت اختیار کی ہے، اس کے ساتھ ہی رونالڈو یووینٹس کے مہنگے ترین فٹ بالر بن گئے ہیں۔ 33 سالہ رونالڈو نے 2009ء میں 80 ملین پائونڈ کے عوض مانچسٹر یونائیٹڈ سے ریال میڈرڈ کو جوائن کیا تھا اور انہوں نے 9 برس کے دوران کلب کی طرف سے 451 گولز کئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔انہوں نے گزشتہ پانچ برسوں میں چار مرتبہ اسپینش کلب ریال میڈرڈ کو چیمپئنز لیگ ٹائٹلز جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔