میمن گوٹھ اور اطراف میں بجلی کی فراہمی بحال ہے، کے الیکٹرک
کراچی( اسٹاف رپورٹر) میمن گوٹھ اور اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ کا شمار بہت زیادہ نقصانات والے علاقوں میں ہوتا ہے۔ اس علاقے میں بجلی کے غیر قانونی کنڈوں کے باعث آئے دن پی ایم ٹی ٹرپنگ اور تار ٹوٹنے کی شکایت مسلسل موصول ہوتی ہیں۔ادارے کی طرف سے متعلقہ علاقے کے رہائشیوں کیلئے قانونی طریقے سے بجلی کے حصول کیلئے اسکیم بھی متعارف کی گئی ہیں جس پر علاقے سے وابستہ عوام سے تعاون درکار ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا اس حوالے سے کہنا ہے،’’ کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے مضافاتی علاقوں میں علاقہ مکینوں کے تعاون سے کئی اسکیمیں مکمل کی جاچکی ہیں جہاں بجلی کی فراہمی میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ قلندرآباد، روزی گوٹھ، مغل ہزارہ گوٹھ، شاہنواز بھٹو کالونی اور الطاف ٹائون میں بجلی کے نظام میں بہتری انہی منصوبوں کا نتیجہ ہے۔ مزید برآں، میمن گوٹھ کے رہائشیوں سے متعلقہ کے الیکٹرک ٹیمز کے ساتھ اسکیم کی کامیاب تکمیل کیلئے تعاون کی اپیل کی جاتی ہے۔