کراچی کے عوام جمہوریت کے استحکام کیلئے ووٹ دینگے‘سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ ضلع کورنگی کی تمام سیٹیوں پر پیپلز پارٹی کے نامزد اُمیدواروں کی پوزیشن مستحکم ہے انشا اللہ 25جولائی کو شہر کراچی کے غیور عوام خدمت ،جذبے اور جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنا قیمتی ووٹ پیپلز پارٹی کے نامزد اُمیدواروں کو دیکر بھاری اکثریت سے کامیاب کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی نمبر1میں نامزد اُمیدوار قومی اسمبلی NA-241معظم قریشی اور PS-97کے اسد مجاہد کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نامزد اُمیدوار معظم قریشی ،اسد مجاہد ،ضلع کورنگی کے صدر جاوید شیخ ،جنرل سیکریٹری چوہدری اصغر آرائیں ،سیکریٹری اطلاعات جانی میمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر گودھرا برادری کے معززین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پی پی پی کے نامزد اُمیدواروں کی مکمل حمایت اور برادری کے لوگوں کو 25جولائی کو تیر کے نشان پر مہر لگانے کی اپیل کی ،سعید غنی نے گودھرا برادری کی جانب سے پی پی پی میں شمولیت اور اُمیدواروں کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں یقین دلا یا کہ برادری کو در پیش تمام مسائل حل کئے جائیں گے سعید غنی نے کہاکہ کراچی خوف کی فضاء سے آزاد ہوچکا ہے ٹھپہ مافیا اور دھونس و دھمکی کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن ہوچکی اور اس کا سہرا پیپلز پارٹی اور شہر کے عوام کو جاتا ہے انہوں نے کہاکہ انشا اللہ 26جولائی کا سورج پیپلز پارٹی اور عوام کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہوگا اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے صدر جاوید شیخ ،چوہدری اصغر آرائیں اور جانی میمن نے کہاکہ پیپلز پارٹی عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ موجود ہیں اور انشا اللہ 25جولائی کو شہر کے عوام تیر پر مہر لگا کر اتحاد و بھائی چارگی کا ثبوت دینگے ۔