نالوں پر صفائی کے کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں میئر کراچی
`
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کے تمام بڑے نالوں پر تیزی سے کام چل رہا ہے، اچھے کام کو بھی کچھ شرپسند افراد عوام کو گمراہ کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں،جو پیسہ نالوں کی صفائی کیلئے ملا ہے وہ پورا صفائی میں خرچ ہوگا، ہم نالوں کے ان مقامات پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں جہاں بارشوں میں سب سے زیادہ مسائل پیش آتے تھے اور قریبی آبادیوں کے لئے خطرات پیدا ہوجاتے تھے ، اس بار بارشوں میں وہ صورتحال نہیں ہوگی جو پہلے ہوتی تھی، سپریم کورٹ نے ہمیں نالوں کی صفائی کی ذمہ داری دی ہے، یہ بات انہوں نے منگل کی سہ پہر سونگل نالے کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر نالوں پر صفائی کے کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں اورمیں خود روزانہ مختلف نالوں کا دورہ کر رہا ہوں اور صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لے رہا ہوں تاکہ جہاں کہیں کوئی کمی بیشی رہ گئی ہے اسے فوری دور کردیا جائے اور نالوں کی صفائی اس انداز میں کی جائے کہ برسات کے دوران نالوں کے اوور فلو ہونے کا خطرہ باقی نہ رہے، تمام افسران اور متعلقہ عملے کو مون سون بارشوں سے قبل برساتی نالوں کی صفائی کے کام کو ہر ممکن مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے، انہوں نے کہا کہ بارشوں میں پہلوان گوٹھ ڈوب جاتا تھا مگر اس مرتبہ امید ہے کہ صورتحال بہتر ہوگی، انہوں نے کہا کہ اگر میئر ،ڈپٹی میئر کو الیکشن کی وجہ سے معطل کیا گیا تو کورٹ سے بات کریں گے اگر یہ نالے بروقت صاف نہ کئے گئے تو برساتی پانی کی نکاسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، نالوں کے چوکنگ پوائنٹس پر خاص توجہ دی جا رہی ہے اور ایسے پوائنٹس کو کلیئر کیا جا رہاہے۔