سیلاب سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل مرتب، متعلقہ محکموں نے پلان تیار کرلیا، شوکت علی
مظفرگڑھ(نامہ نگار) امسال سیلاب سے نمٹنے کےلئے ایک منظم حکمت عملی کے تحت لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے ، تمام متعلقہ محکمہ جات نے اپنے اپنے پلان تیار کرلئے ہیں عملہ کی ڈیوٹیاں لگادی گئیں ہیں، ریسکیو 1122 متعدد بار ریہرسل کرچکا ہے، یہ بات ڈی سی او مظفرگڑھ شوکت علی نے سیلاب کی موجودہ صورتحال پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہی، انہوں نے بتایا کہ تونسہ بیراج پر اپ سٹریم پر عباس والا بند پرسیپج کو بند کرنے کےلئے ایڈوانس میں پشتے لگادئیے گئے ہیں، ڈاﺅن سٹریم پر سٹڈ بناگئے ہیں، جبکہ علی پور میں خان واہ اور چندر بھان بند کو ملادیا گیا ہے جس سے سیلاب کاخطرہ کم ہوگیا ہے ، ڈی سی او نے مزید بتایا کہ پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق امسال کم بارشیوں کی وجہ سے دریائے چناب میں پانی معمول کے مطابق رہے گا ، ڈی سی او نے بتایا کہ دریائے چناب میں نارمل پانی کی سطح ڈیڑھ لاکھ کیوسک ہے، 2لاکھ کیوسک پانی پر نچلے درجے کا سیلاب ہوتا ہے،3لاکھ کیوسک پر درمیانے درجے کا سیلاب ہوتا ہے اور 4لاکھ کیوسک پر اونچے درجے کا سیلاب ہوتا ہے، انہوں نے بتایا کہ درمیانے درجے کے سیلاب پر وارننگ جاری کی جاتی ہے جبکہ اونچے درجے کے سیلاب پر لوگوں کا انخلاءکرادیا جاتا ہے، ڈی سی او نے بتایا کہ سیلا ب کی صورت میں 38اے کیٹگری اور 39بی کیٹگری کے ریلیف کیمپ لگائے جائیں گے،اے ڈی سی عبدالقادر کو فوکل پرسن تعینات کردیا گیا ہے ، کنٹرول رو م قائم کردیا گیا ہے جس کا نمبر0669200260ہے اور میڈیا سیل قائم کردیا گیا ہے جہاں سے سیلاب سے متعلق معلومات حاصل اور فراہم کی جاسکتی ہیں،، ڈی سی او نے بتایا کہ گزشتہ سالوں میں بھارت نے سیلاب کے متعلق درست معلومات فراہم نہیں کیں تاہم امسال سیٹلائٹ کی مدد سے سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر کیا جارہاہے، ڈی سی او نے بتایا کہ دریائے چناب میں پانی کی گنجائش 5لاکھ کیوسک ہے، حفاظتی بند وں کو 6،6فٹ مزید بلند کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او ملک اویس احمد، اے ڈی سی عبدالقادر، اے سی مظفرگڑھ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈی ڈی پی آر فرقان عباس حیدر سمیت میڈیا کے نمائندگان موجود تھے۔