سابق ڈائریکٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن سید شّبر حسن اتوار کی صبح قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے مرحوم نے 1941ء میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا تھا اور بعدازاں پنجاب ہیلتھ سروس کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دیں۔
شّبر حسن مرحوم حمید نظامی کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔ حمید نظامی نے ان کے ساتھ مل کر 23 مارچ 1940ء کو نوائے وقت کا اجراء کیا تھا۔ نوائے وقت کے پہلے شمارے کی پیشانی پر مجلس ادارت میں حمید نظامی کے ساتھ سید شّبر حسن کا نام بھی شامل ہے۔ آپ بانیٔ نوائے وقت کے ساتھ مل کر اس ادارے کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کیلئے کوشاں رہے۔ حمید نظامی نے ڈاکٹر شّبر حسن کے ساتھ مل کر بے سروسامانی میں مسلمانان ہند کا ترجمان جریدہ نکالا تھا، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شّبر حسن محب وطن تھے اور نظریہ پاکستان کے آخری دم تک علمبردار رہے۔ مرحوم شّبر حسن تعلقات نبھانے والی شخصیت تھے، حمید نظامی کے انتقال کے بعد انہوں نے مجید نظامی کے ساتھ اسی طرح برادرانہ تعلقات استوار رکھے اور مجید نظامی کے انتقال کے بعد انہوں نے رمیزہ مجید نظامی کے سر پر بھی دست شفقت قائم رکھا۔ مرحوم نے پسماندگان میں دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
حق مغفرت کرے عجب آزاد مرد تھا
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024