پنجاب میں ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کا فیصلہ‘ شہباز شریف نے منظوری دیدی

11 جولائی 2015
پنجاب میں ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کا فیصلہ‘ شہباز شریف نے منظوری دیدی

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت نے معیار کے حوالے سے ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہباز شریف نے تجویز کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت کھانے کے معیار، حفاظتی انتظامات، صفائی، پانی کی کوالٹی اور دیگر ضروری انتظامات کے اعتبار سے ریسٹورنٹس کی 4درجہ بندیاں کی جائیں گی اور ریسٹورنٹس کے باہر درجہ بندی کے سٹیکر لگائے جائیں گے۔ سہولتوں اور کھانوں کے اعلیٰ معیار پر پورا اترنے والے ریسٹورنٹس کو گریڈ اے اور بی دیا جائے گا۔ ریسٹورنٹ انتظامیہ درجہ بندی کا سٹیکر مین دروازے پر نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی پابند ہو گی۔ ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کا سٹیکر آویزاں ہونے سے لوگوں کو سہولتوں اور کھانوں کے معیار کے مطابق ریسٹورنٹ کے انتخاب میں آسانی ہو گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے اور حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے ہیں۔ لاہور سمیت بڑے شہروں میں انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ موجودہ حکومت نے شفافیت اور معیارکے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل کا کلچر متعارف کرایا ہے اور اس ضمن میں تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔ عوام کی سہولت کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ مکمل ہونے والے منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیز کمشن پنجاب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمشن بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور کمشن دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوںکے مسائل کے حل کیلئے متحرک اور فعال انداز میں کام کرے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے صحافی شیر افضل بٹ کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔