ہمارے اقتدار کا وقت تھوڑا رہ گیا‘ تاریخی فیصلے کرنا ہونگے : نوازشریف‘ مودی سے گفتگو

11 جولائی 2015

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تاریخ میں زندہ رہنے کیلئے خطے کی عوام کیلئے تاریخی فیصلے کرنا ہوں گے، دونوں ممالک میں اقتدار کی سیٹ پر بہت سے سربراہ آئے ہیں اورآتے جاتے رہیں گے، دونوں ممالک کی عوام خوشحالی اور ترقی کیلئے ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ آپ کا اور ہمارا اقتدار کا وقت بہت تھوڑا ہے، ہم نے آدھا سفر کر لیا ہے اور آدھا باقی ہے، جنوبی ایشیا کے عوام امن اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس نادر موقع ہے کہ خطے کی عوام کیلئے تاریخی فیصلے کریں تاکہ تاریخ ہمیں ہمیشہ یاد رکھے۔ دونوں ممالک میں اقتدار کی سیٹ پر بہت سے سربراہ آئے اور چلے گئے، مستقبل میں بھی آتے جاتے رہیں گے۔ دونوں ممالک کے عوام خطے میں امن و خوشحالی اور ترقی کی خواہشمند ہے اور ان کی نظریں ہماری طرف ہیں، مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں،ہمارا فرض ہے کہ دونوں ممالک کی عوام کے درمیان پیدا کی گئی دوریاں ختم کرکے قریب لائیں۔