بوریوالا: بیٹی کی پیدائش کا خدشہ، حاملہ بیوی کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، نومولود ہلاک

11 جولائی 2015

بورے والا(نامہ نگار) بیٹی پیدا ہونے کے خدشہ پر سفاک خاوند نے اپنے بھائی اور بھابھی کی مدد سے حاملہ بیوی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، حاملہ بیوی کے بطن سے پیدا ہونے والی بچی جاں بحق‘ خاوند کو گرفتار کر لیا گیا۔ نواحی گاﺅں 187ای بی کے رہائشی پرویز احمد کا اپنی حاملہ بیوی ثمینہ سے جھگڑا چل رہا تھا کہ اگر اس کے بطن سے بیٹی پیدا ہوئی تو وہ اسے جان سے مار دے گا ۔اسے شک گزرا کہ اس کے پیٹ میں پیدا ہونے والا بیٹا نہیں بلکہ بیٹی ہے اس بات پر مشتعل ہوگیا اور اپنے بھائی جاوید اور بھاوج کی مدد سے اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے تھوڑی دیر بعد ہی اس کے بطن سے بیٹی پیدا ہوئی جو چند سانسیں لے کر دم توڑ گئی ملزموں نے اس واقعہ کو چولہے سے آگ لگنے کا رنگ دے دیا آگ سے جھلسنے والی ثمینہ کو گگو منڈی ہسپتال لے گیا جہاں ثمینہ نے اپنی والدہ کو بتایا کہ اس کے خاوند نے اپنے بھائی اور بھاوج سے مل کر اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائی ہے ثمینہ کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہسپتال بورے والا منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق اس کے جسم کا 90 فیصد حصہ جھلس گیا ہے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی اس کے خاوند پرویز کو گرفتار کرلیا مزید تفتیش جاری ہے۔
آگ لگا دی