آپ نے اچھا لباس پہن رکھا ہے، نواز شریف آپ کے ہر لباس سے ہمیشہ متاثر رہا ہوں، مودی دونوں مسکراتے رہے‘ 30 سیکنڈ تک ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رکھا

11 جولائی 2015

اوفا، روس (آن لائن) پاکستان، بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات میں دلچسپ جملوں اور مسکراہٹوںکا تبادلہ ہوا، دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کے لباس کی تعریف کی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کیلئے روس کے شہر اوفا میں کانگریس ہال میں پہنچے جہاں نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف کا گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا، وزیراعظم نواز شریف نے مصافحہ کرتے ہوئے نریندر مودی سے کہا کہ آپ نے لباس اچھا زیب تن کیا ہوا ہے جس پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستانی ہم منصب سے کہا کہ میں آپ کے ہر لباس سے ہمیشہ متاثر رہا ہوں جس پر دونوں رہنما مسکراتے رہے۔ 53منٹ کی ملاقات میں دونوں وزراء اعظم انتہائی پراعتماد دکھائی دیئے اور مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی کرتے رہے‘ ملاقات کے آغاز میں دونوں ہم منصبوں نے تیس سیکنڈ تک ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رکھا جس کے بعد وفد کے ارکان سے بھی ہاتھ ملائے۔ پاکستان بھارت وزراء اعظم کی ملاقات شیڈولڈ تھی دونوں وزراء اعظم کی اس سے قبل باضابطہ ملاقات گزشتہ سال مئی میں ہوئی تھی جبکہ گزشتہ سال کٹھمنڈو میں بھی دونوں ہم منصبوں کی غیر رسمی ملاقات ہوچکی ہے۔ ملاقات کی تجویز بھارت کی جانب سے دی گئی تھی پاکستان نے اس خواہش کا مثبت جواب دیا تھا۔