چوکر پر 7 فیصد ٹیکس ختم، فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

11 جولائی 2015

لاہور (کامرس رپورٹر+نیوز رپورٹر) چوکر پر 7 فیصد ٹیکس ختم، فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی مداخلت پر وزارت خزانہ نے چوکر پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے جس کی حتمی منظوری قومی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں لے لی جائے گی جس پر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کی کال واپس لے کر آٹے کی سپلائی شروع کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو فون کیا اور چوکر پر عائد سات فیصد سیلز ٹیکس ختم کرنے کی درخواست کی جس پر وزیر خزانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بتایا اس کی حتمی منظوری ای سی سی کے اجلاس میں لی جائی گی بعد ازاں اس کی اطلاع پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا احمد کو دی گئی کہ وفاقی حکومت نے چوکر پر عائد سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے جس پر انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سے مذاکرات کئے جس میں انہیں یہ بتایا گیا ان کے مطالبات تسلیم کر لئے گئے ہیں۔ اس لئے آپ ہڑتال کی کال واپس لیں، جس پر کال واپس لے لی گئی۔ عاصم رضا احمد نے بتایا آج سے آٹے کی سپلائی جاری رہے اور عوام کو سستا اور معیاری آٹا فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں عاصم رضا اور بلال یاسین کی مشترکہ پریس کانفرنس کے موقع پر صدر سندھ فلور ملز ایسوسی ایشن میاں حسن، صدر پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن میاں انجم اسحاق اور دیگر عہدیدار لیاقت علی اور میاں ریاض کے علاوہ سیکرٹری خوراک ڈاکٹر پرویز احمد اور ڈائریکٹر فوڈ بھی موجود تھے۔بلال یاسین نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن کے شکر گزار ہیں حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور رمضان المبارک میں چینی آٹا سمیت اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔