آصف زرداری، سراج الحق، حافظ سعید و دیگر کا شہزادہ سعود الفیصل کی وفات پر اظہار افسوس

11 جولائی 2015

اسلام آباد+ لاہور (آئی این پی+ خصوصی نامہ نگار) سابق صدر آصف زرداری، سینیٹر سراج الحق اور حافظ سعید نے سعودی عرب کے سابق وزیر خارجہ سعود الفیصل کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق سابق صدر نے شہزادہ سعود الفیصل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا مرحوم شہزادے کی شہرت خاموش سفارتکار کی تھی۔ سعودی عرب سے اپنے تعزیتی پیغام میں سراج الحق نے کہا شہزادہ سعودالفیصل نے طویل عرصہ تک مسلم امت کے مسائل کے حل کرنے میں جدوجہد کی ہے۔اور کئی مواقع پر اپنے والد شاہ فیصل مرحوم کی یاددلوں میں تازہ کی۔ انہوں نے کہاکہ شہزادہ سعود الفیصل نے مختلف مسلمان ممالک کے مابین پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کی آگ بجھانے کےلئے اپنا موثر کردار ادا کیا۔ لیاقت بلوچ، نائب امراءپروفیسر خورشید احمد، حافظ محمد ادریس، میاں محمد اسلم، اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم، ڈپٹی سیکرٹریز جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، محمد اصغر، حافظ ساجد انور اور سید وقاص جعفری نے بھی اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں شہزادہ سعود الفیصل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعاکی ہے۔ علاوہ ازیں پروفیسر حافظ محمد سعید، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، قاری یعقوب شیخ، محمد یحییٰ مجاہد اور حافظ خالد ولید نے سعودی عرب کے سابق وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل کی وفات پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوںنے کہاکہ شہزادہ سعود الفیصل اپنے والد گرامی شاہ فیصل شہیدکی طرح امت مسلمہ کیلئے بے پناہ ہمدردی کے جذبات رکھتے تھے۔
سعود الفیصل /اظہار افسوس