اسلامی بینکنگ انڈسٹری کے اثاثوں کی مالیت 1302ارب روپے تک پہنچ گئی

11 جولائی 2015

کراچی(کامرس رپورٹر) اسلامی بینکنگ انڈسٹری کے اثاثوں کی مالیت رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 3.5فیصد کے اضافے سے 1302ارب روپے تک پہنچ گئی جبکہ مجموعی ڈپازٹس کی مالیت 1070ارب روپے سے بڑھ کر 1122 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ملک کے شعبہ بینکاری میں اسلامی بینکاری کے اثاثوں کا حصہ 10.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اسلامک بینکنگ بلیٹن برائے جنوری تامارچ 2015کے مطابق اسلامی بینکاری میں نمو کا سلسلہ جاری ہے، پہلی سہ ماہی کے دوران بینکنگ انڈسٹری کے مجموعی ڈپازٹس میں اسلامی بینکوں کا حصہ 11.6فیصد سے بڑھ کر 12.2فیصد تک پہنچ گیا۔پہلی سہ ماہی کے اختتام پر اسلامی بینکوں کی سرمایہ کاری اور فنانسنگ کی مالیت 768ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ اس عرصے میں اسلامی بینکوں نے 4.8 ارب روپے کا منافع حاصل کیا، گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی میں منافع کی مالیت 3.2ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی، پہلی سہ ماہی کے اختتام پر اسلامی بینکوں کی شاخوں کی تعداد 1597تک پہنچ گئی۔ بلیٹن کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران اسلامی بینکوں کی خالص سرمایہ کاری دسمبر 2014 کی 356.7 ارب روپے کے مقابلے میں 3.2 فیصد کے اضافے سے 368.2ارب روپے تک پہنچ گئی، اسلامی بینکوں کی گراس فنانسنگ 422.1 ارب روپے کے مقابلے میں کم ہوکر 417.8 ارب روپے کی سطح پر آگئی۔