پنجاب بنک کے مقتول منیجر سپرد خاک سائنس کالج کا اکاﺅنٹ سیل، تحقیقات شروع

11 جولائی 2015

لاہور (خصوصی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) پنجاب بنک کے مقتول منیجر آپریشن محمد ناصر عبدالطاہر کو گزشتہ روز علامہ اقبال ٹاﺅن کے کریم بلاک قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ قبل ازیں اُنکا جنازہ اُنکی رہائشگاہ 553 نیلم بلاک سے اٹھایا گیا تو اُنکی نویں اور پانچویں جماعت کی طالبہ دو صاحبزادیوں کی آہ و بکا اور چھ سالہ معذور بچے کی چیخوں سے سینکڑوں افراد اشکبار ہو گئے۔ نماز جنازہ چلڈرن پارک نیلم بلاک میں ادا کی گئی جس میں پنجاب بنک کے ملازمین اور اہل علاقہ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں اقبال ٹاﺅن کریم بلاک میں بنک کے اندر فائرنگ کے واقعہ پر سائنس کالج کا اکاﺅنٹ سیل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے ساتھ ساتھ ہائیر ایجوکیشن نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ابتدائی انکوائری رپورٹ محکمہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ گزشتہ روز ڈائریکٹر کالجز رانا نسیم نے سائنس کالج کا وزٹ کیا اور وائس پرنسپل امتیاز، پروفیسر مجیب الرحمان سمیت دیگر افراد پر مشتمل کمیٹی بنائی جس نے اپنی رپورٹ بھجوا دی۔ دوسری جانب افسوسناک واقعہ میں ہلاک ہونیوالے آپریشنل منیجر ناصر، بنک افسر سہیل اور گارڈ خالد کا پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد ورثا نعشیں ورثاءکے حوالے کردی گئیں۔ سکندر اور حسن کی حالت ابھی تک تشویشناک بتائی گئی۔ زخمی ہونے والے دونوں خواتین سدرہ اور صومیہ کو علاج معالجے کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کالج سے حراست میں لئے جانیوالے پرنسپل زاہد بٹ، کیشئر طلعت، حافظ حمید اور محمد اسلم سے تفتیش جاری ہے۔ تفتیش چند دن میں مکمل کی جائیگی۔ پولیس نے کالج کے ایڈمن ڈیپارٹمنٹ کا ریکارڈ بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔
منیجر سپردخاک