مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں یوم القدس منایا گیا، ریلیاں

11 جولائی 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران)آزادی کیلئے برسرپیکار مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں جمعتہ المبارک یوم القدس منایا گیا اس سلسلے میں ریلیاں نکالی گئیں جس میں مختلف دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنمائوں ،خواتین ، کارکنوں اور طالبعلموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے،پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر فلسطینیوں کی آزادی سے متعلق نعرے درج تھے۔ شرکا ء نے اسرائیل مردہ بادکے نعرے بھی لگائے اور ظلم و جبر کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ لاہور میں ریلیوں کے دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے زیراہتمام اسلام پورہ سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی گئی۔جبکہ شیعہ علماء کونسل پنجاب نے لاہور پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی۔اسلام پورہ سے نکالی جانے والی ریلی کی قیادت سیدناصر شیرازی نے کی جس میں پاکستان عوامی تحریک، سنی اتحاد کونسل،جمعیت علمائے پاکستان (نیازی گروپ) اور انجمن شہریان شیعہ سمیت دیگر جماعتوں کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ سیدناصر علی شیرازی نے کہا اسلامی ملکوں میں مسلمانوں کے قتل عام کرنے والے نام نہاد جہادی قبلہ اول کی آزادی کیلئے اسرائیل کیخلاف جہاد کریں ،پوری مسلم اُمہ ان کے شانہ بشانہ ہونگے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہم اسرائیل کے ناپاک وجود کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا قبلہ اوّل کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں نکلنا عین عبادت ہے،مسلم ممالک کو فلسطین کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ شیعہ علماء کونسل کی ریلی سے خطاب کرتے علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا قبلہ اوّل تمام مسلمانوں کا مشترکہ مسئلہ ہے جبکہ عالمی طاقتیں فلسطین میں ظلم رکوانے کیلئے اپنا کردارادا کریں ۔قبلہ اوّل کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنا ہرمسلمان کا فرض ہے ۔،قبلہ اول کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔اس موقع پر قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا تواتر کے ساتھ ان اسرائیلی مظالم اور غیر انسانی رویہ پر عالمی امن اور انسانی حقوق کا پرچار کرنے والے اداروں کی خاموشی کی قابل مذمت ہے۔ سامراجی طاقتیں اسرائیل کی سرپرستی ترک کردیں اور اسرائیل کو مجبور کریں کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرتے قبلہ اول کو آزاد کرے۔قلعہ دیدار سنگھ میں بھی یوم القدس کے سلسلہ میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے تھانیوالہ چوک پہنچے جہاں مولانا ابراہیم جعفری ، سید ثمرعباس اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی کیلئے مسلمانوں کا متحد ہونا بہت ضروری ہے۔ علاوہ ازیں حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ میں بھی اسرائیل کے خلاف ریلیا نکالی گئیں۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح حافظ آباد میں بھی یوم القدس منایا گیا اور اس سلسلہ میں مرکزی امام بارگاہ فوارہ چوک سے ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت مختلف شیعہ تنظیموں کے رہنمائوں مولانا عابد علی، حاجی لیاقت زوار کھنو، سید باوا غلام عباس، سید عابد حسین، ملک اسد عباس اعوان، سمیت دیگر نے کی۔ شرکاء نے فوارہ چوک پہنچ کر امریکہ، بھارت اور اسرائیل کے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔