شہریوں کا پنجاب حکومت کے رمضان بازاروں میں انتظامات پر اظہار اطمینان

11 جولائی 2015

لاہور (این این آئی) شہریوں نے رمضان المبارک میں سستے داموں اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے قائم کردہ 314 رمضان بازاروں کے انتظامات اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مختلف رمضان بازاروں کے دورے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ عوام انتظامات اور اشیائے خورد و نوش کی کوالٹی سے مطمئن ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے ممکن ہوا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزراء اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز ان بازاروں کے باقاعدگی سے دورے کر کے یہاں فروخت کی جانے والی اشیاء کی کوالٹی، سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہیں۔ مزید برآں اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے صوبے میں 1525 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی تعینات ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر حکومت اور مخیر حضرات کے تعاون سے قائم کردہ 1783 مدنی دستر خوان بھی اس ضمن میں ایک اور خصوصی کاوش ہے جس سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایسے دستر خوان صرف پنجاب میں قائم ہیں۔ شہریوں نے ایسے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرے صوبوں کو بھی ان اقدامات کی تقلید کرنے کی ضرورت ہے۔