چین نے پاکستان پر پابندیوں کی قرارداد ویٹو کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان پر پابندیوں کی قرارداد ویٹو کر کے بھارت کو منہ توڑ جوابدیا۔ ممبئی حملوں اور ذکی الرحمن لکھوی سے متعلق بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔ حکومت محض بھارت سے دوستی کی خاطر کسی قسم کی مصلحت پسندی سے کام نہ لے۔ کشمیر، میانمار اور فلسطین سمیت ہر جگہ مسلمان ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ رمضان المبارک میں ہر شخص اپنا محاسبہ کرے۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ امیر جماعة الدعوة نے کہاکہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ تیزی سے گزر رہا ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اس ماہ مبارک میں رحمتیں و برکتیں سمیٹنے کی کوشش کریں۔ اپنے دلوں میں تقویٰ پیدا کیاجائے۔ گناہوں کی معافیاںمانگی جائیں اور آئندہ سے اللہ کی نافرمانیاںنہ کرنے کا پختہ عہد کیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ روس میں وزیراعظم نوازشریف اور نریندر مودی کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔ چینی صدر نے بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران دوٹوک انداز میں پاکستان پرپابندیوںکے حوالے سے بھارت کی جانب سے پیش کردہ قرارداد ویٹو کرنے کا دفاع کیا لیکن ہمارے وزیراعظم نریندر مودی کو یقین دلا رہے ہیں کہ ممبئی حملہ کیس کے سلسلہ میں ذکی الرحمن لکھوی کا ٹرائل کیا جائیگا۔ ہم صاف طور پرکہتے ہیں کہ بھارت نے پاکستان کے وجود کو ہی کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔ وہ پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشوں سے کسی صورت باز نہیں آئیگا۔
حافظ سعید