نیلم جہلم پراجیکٹ، سعودی عرب، کویت، اسلامی ترقیاتی بنک فنڈز بحال کرنے پر آمادہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کے مالی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے آڈیٹر جنرل کے 5 سالہ سٹرٹیجک پلان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا نیلم جہلم منصوبہ موجودہ دور حکومت میں مکمل ہو گا۔ اجلاس میں وزرائ، اسلامی ترقیاتی بنک اور سعودی فنڈز برائے ترقی کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں اہم پیشرفت سامنے آئی۔ سعودی فنڈ، کویت فنڈ اور اسلامی ترقیاتی بنک کے منصوبے کیلئے فنڈنگ بحال کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی، تینوں اداروں نے ایک سال سے روکی گئی فنڈنگ بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ان اداروں نے 43 کروڑ 30 لاکھ ڈالر جلد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، مالیاتی اداروں کی جانب سے 56 کروڑ 90 لاکھ ڈالر پہلے ہی فراہم کئے جا چکے ہیں۔ پاکستان نے منصوبے کی پرفارمنس گارنٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 4 ارب 20 کروڑ ڈالر ہے۔ منصوبہ 2017ءتک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
نیلم جہلم پراجیکٹ/ فنڈز