مساجد، امام بارگاہوں کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں: امین وینس
لاہور(نامہ نگار )سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس ’’ہم حفاظت کریں گے آپ عبادت کریں‘‘کے سلوگن کے تحت مساجد امام بارگاہوں اور دیگر دینی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ جمعتہ المبارک کے موقع پر پولیس کے 6 ہزار سے زائد افسر اور جوانوں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ جامع مسجد غوثیہ مین مارکیٹ ، جامع مسجد الشمس ، جامع مسجد گلزار مدینہ ، جامع مسجد عمر فاروق فردوس مارکیٹ اورامام بارگاہ قصر زہرہ سمیت شہر کی مختلف مساجد ،امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے انتظامات کی چیکنگ کے دوران کیا۔ دریں اثناء سی سی پی او نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل اور تھانے میں آنے والے شریف شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ان کے مسئلہ کو اپنا ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کرنیکی جد جہد کرنے والے ایڈمن افسر وں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرینگے۔