سابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل امریکہ میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 75 سال تھی۔ شاہ فیصل کے بیٹے سعود الفیصل 40 سال وزیر خارجہ رہے۔ وہ کافی عرصہ سے بیمار تھے انہیں پارکنسن کی بیماری تھی اور انکی کئی بار سرجری بھی ہو چکی تھی۔ شہزادہ سعود الفیصل 2 جنوری1940ء کو طائف میں پیدا ہوئے۔ وہ 1971ء میں وزارت پٹرولیم کے ڈپٹی وزیر بھی مقرر ہوئے۔ 29 اپریل 2015ء کو انکی جگہ عادل الجبیر نے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔انہوں نے پرنسٹن یونیورسٹی سے گریجویشن کی تھی۔ پاکستان کیلئے سعودی حکمرانوں کے دل میں ہمیشہ نرم گوشہ رہا ہے۔ وزیر خارجہ کے طور پر سعود الفیصل کی پاکستان پر خصوصی نظرالتفات رہی۔ پاکستان ایٹمی قوت بنا تو سعود الفیصل کے ایما پر ہی پاکستان کو کروڑوں روپے کے مفت تیل کی فراہمی کی گئی تھی۔ مشرف دور میں میاں نواز شریف کوجیل سے سرور پیلس لے جانے میں بھی سعود الفیصل نے اہم کردار ادا کیا۔ وہ سعودی عرب کی خارجہ پالیسی کو 40 سال تک بڑی کامیابی سے چلاتے رہے۔ خدا انہیں غریق رحمت کرے اور انکی اہلیہ تین بیٹوں تین بیٹیوں اور شاہی خاندان کو اس ناگہانی سانحہ پر صبر جمیل عطا فرمائے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38