حکومت فوج کے شہداءکا قرض نہیں اتار سکتی‘ بجلی چوری میں چور ‘ چوکیدار ملے ہوئے ہیں: شہباز شریف
لاہور + سرگودھا (فرخ سعید خواجہ + نمائندگان) وزیراعلی شہباز شریف نے دریائے چناب کے کنارے کیمپ پر حملے میں جاں بحق ہونے والے صوبیدار کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وزیراعلی نے سرگودھا میں بھی ٹینٹ آفس قائم کر لیا جہاں انہوں نے 4 گھنٹے سے زائد امن عامہ اور ضلعی ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد کئے جن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ وفاقی حکومت 16، 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے ذریعے پنجاب سے غیر منصفانہ اور ظالمانہ سلوک کر رہی ہے عوام یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ مختلف صوبوں کیلئے بجلی کی فراہمی کے پیمانے مختلف کیوں ہیں۔ داتا کی نگری اور شاہینوں کے شہر کو نہ جانے کس گناہ کی سزا دی جا رہی ہے۔ بجلی چوری میں چور اور چوکیدار ملے ہوئے ہیں۔ پنجاب کیساتھ امتیازی سلوک پر احتجاج جاری رکھوں گا۔ وزیراعلی نے ضلع سرگودھا میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلی نے سینیٹر حمید الدین سیالوی سے انکی اہلیہ کی وفات پر تعزیت بھی کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی شہباز شریف گورنمنٹ سکول کی گراﺅنڈ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کیلئے پہنچے تو شہید صوبیدار کے ورثا اور عزیز و اقارب سمیت شہریوں کی بہت بڑی تعداد انہیں اپنے درمیان پا کر ششدر رہ گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک افواج کے شہداءپر انہیں ناز ہے اور حکومت شہدا کا قرض ادا نہیں کرسکتی۔انہوں نے شہید صوبےدار کے گھر والوں سے بھی ملاقا ت کی۔ ٹینٹ آفس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ میں نے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے وفاقی حکومت کی امتیازی پالیسی کے خلاف ائیر کنڈیشنڈ دفتر چھوڑ کر ٹینٹ آفس کی گرمی اور حبس میں سرکاری فرائض انجام دینے کا مشکل راستہ اپنایا ہے ۔میں اپنا یہ احتجاج اس وقت تک جاری رکھوں گاجب تک پنجاب کے غریب اور مجبور عوام کو وفاقی حکومت کے اس نارواسلوک سے نجات نہیں مل جاتی۔ وزیر اعلی سابق سینیٹر حمید الدین سیالوی کی زوجہ کی وفات پر تعزیت کے لیے سیال شریف بھی گئے ۔ انہوں نے مرحومہ کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ سرگودھا میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ تھانہ کلچر میں مزید بہتری پیدا کرکے مظلوم غریب اور بے سہارا افراد کی دادرسی کو یقینی بنایا جائے اور انہیں تھانہ میں عزت و احترام دیا جائے۔ اجلاس میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔ دریں اثنا وزیراعلی سے ترک کمپنی البراک کے چیف ایگزیکٹو احمٹ البراک کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب اور البراک کمپنی کے اشتراک سے جاری منصوبوں پر پیش رفت اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلی نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور ترک کمپنیوں کے مابین اشتراک خوش آئند ہے جس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ میٹرو بس سروس پاک ترک دوستی کی عمدہ مثال ہے۔ احمٹ البراک نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دوستی کا مضبوط رشتہ قائم ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات ہرگزرتے دن کے ساتھ مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔