حکومت ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بھی اپ گریڈ کرے تاکہ بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جاسکے: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے صنعتی شعبے کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بھی اپ گریڈ کرے تاکہ بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ حالیہ اور ماضی میں ملک بھر میں بجلی کی سپلائی معطل ہونے کی وجہ سے صنعتی پیداوار بری طرح متاثر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی صنعتی شعبے کے لئے ایک بنیادی جزو اور صنعتی پیداوار برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ حکومت بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب سے بخوبی واقف ہے اور دن ، رات بجلی کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے لیکن حکومت کو اس حقیقت سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہے کہ بجلی کا موجودہ نظام اس کی اضافی ترسیل کا بوجھ اٹھانے کا متحمل نہیں ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو اپ گریڈ کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کرے کیونکہ کسی بھی غفلت سے تجارت، صنعت اور معیشت کو ناقابل برداشت نقصان ہوسکتا ہے۔انہوں نے حکومت سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ بجلی کے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنائے کیونکہ محض صنعتی پہیے کو آگے بڑھانا ہی ضروری نہیں ہے بلکہ ہماری معاشی ترقی کا انحصار بھی وافر توانائی کی فراہمی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوبجلی کی پیداوار سے متعلق زمینی حقائق کا جائزہ لینا اور اپنی ترجیحات کو دوبارہ ترتیب دیناچاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موثر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین،جہاں لائن لاسز کم ہیں اورریکوری کا تناسب زیادہ ہے،ان کے ساتھ منصفانہ سلوک ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ متبادل توانائی کے وسائل کو فروغ دینے سے روایتی توانائی کے نظام پر پڑے جانے والے بوجھ کو یقینی طور پر کم کیا جاسکتاہے لہذا حکومت کو متبادل توانائی کے وسائل کے ذریعہ بجلی پیدا کرنے کے لئے استعمال ہونے والے آلات پر ڈیوٹی اور ٹیکس کم کرنا چاہیے۔