گوجر خان میں تجاوزات کی بھر مار ؟

گوجر خان سے جی روڑ گزرنے کی وجہ سے کراچی سے خیبر تک توجہ کا مرکز ہے ۔ بہت افسوس کہ اطراف تجاوزات اور کھوکھوں کی بھرمار کی وجہ سے اپنا روایتی حسن اور خوبصورتی کھو بیٹھا ہے۔ہم کھوکھے ریڑھی اور چھابوںکے خلاف نہیں لیکن مشرف دور میں کھوکھے لگانے کا سلسلہ اتنی بے دردی سے شروع ہوا جو آج دن تک تھما ہی نہیں۔ تجاوزات کو کنٹرول کرنا فٹ پاتھوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے خالی چھوڑنا مین بازاروں میں گزر گاہوں کو ریڑھی چھابے سے پاک رکھنا تحصیل میونسپل کارپوریشن حکام کی ذمہ داری ہے لیکن ایسا نہ ہوسکا ۔ بعض اہلکاروں کی ملی بھگت سے ریڑھیاں چھابے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔پورے شہر میں گاڑی کھڑی کرنے کی مناسب جگہ نہیں ۔یہاں پر کوئی اچھا اور معیاری پارک نہیں جہاں شہری بچوں کو سیر و تفریح کے لیے لا سکیں۔سابق دور میں سرور شہید کالج کے ساتھ واقع زمین پر چند جھولے لگا کر چاردیواری کی گئی ۔کاش اس کو صحیح معنوں میں پارک بنایا جاتا۔ بااثر عناصرگورنمنٹ زمین پر قبضہ کر کے بیٹھے ہیں جیسے یہ ان کے اباواجداد کی وراثت ہو۔اس شہر کے قدیمی بازار پہلے ہی بہت تنگ ہیں رہتی کسر تجاوزات کی بھرمار نے نکال دی ہے ۔ ان تمام معاملات میں جہاں ٹی ایم اے کے بھتہ خور اور راشی ملازمین ذمہ دار ہیں وہاں پر یہاں دکاندار بھی اس عوام دشمن معاملات میں برابر کے شریک ہیں ۔بے شمار دکاندار ایسے ہیں جنہوں نے اپنی دکانوں کے باہر موجودہ جگہ سٹال والوں کو کرائے پر دی ہوئی ہے۔ ٹی ایم اے کا عملہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتا ہے لیکن اس میں بھی ہمیشہ ایسا ہوتا ہے جس دن عملے نے آپریشن کرنا ہوتا ہے محکمے کے ٹاوٹ ان لوگوں کو پہلے ہی آگاہ کر دیتے ہیں جس سے اس دن یا تو یہ لوگ ریڑھی چھابے یا سٹال لگاتے ہی نہیں یا عملے کے آنے سے پہلے اپنی جگہ سے غائب ہو جاتے ہیں۔پوری ریلوے روڈ پر تجاوزات کی وجہ سے یہاں گھنٹوں ٹریفک کا جام رہتی ہے۔یہ یہاں پر ہی صرف نہیں انڈر پاس کا اس سے برا حال ہے۔ لوگوں کو اس تکلیف سے نجات دلانے کے لیے بہت ضروری ہے ٹی ایم اے ہفتہ وار آپریشن کو معمول بنائے اور محکمے سے ایسی کالی بھیڑوں کو نکالا جائے جو اپنے چند ٹکوں کی خاطر شہر کا امن سکون برباد کررہے ہیں۔کچہری سے صندل روڈ کی طرف جانے والے لوگ تجاوزات کی وجہ سے گھنٹوں خوار ہوتے ہیں ۔ریڑھی چھابے کی بھرمار ایک طرف دوسری طرف چنگچی بھی اس پریشانی میں برابر کے شریک ہیں ۔ اصلاح احوال کب ہوگا(راجہ احسان الحق 03215261181 )