لاہور کے علاقہ نواں کوٹ میں مبینہ طور پر گھر آئے دو دوستوں نے 24سالہ نوجوان اور اس کے 12سالہ کمسن ملازم کو قتل کر دیا۔ دونوں افراد کو گلہ کاٹ کر قتل کیا گیا۔ دوہرے قتل کے واقعہ پر گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ علاقہ میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے دونوں نوجوانوں کی نعشیں پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں اور واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اہلخانہ کے مطابق 24سالہ ارسلان نجی یونیورسٹی میں پڑھتا تھا اس نے گھر میں بتایا کہ دو دوست ملنے آئے ہیں کوئی ڈرائینگ روم میں نہ آئے۔ 12سالہ کمسن گھریلو ملازم طارق پانی دینے گیا تو وہ بھی واپس نہ آیا۔ دو گھنٹے بعد بہن نے جا کر دروازہ کھٹکھٹایا تو کوئی جواب نہ آیا جس پر اس نے دروازہ کھولا تو دیکھا کہ دونوں کی گلہ کٹی نعشیں پڑی تھیں۔ شواہد سے لگتا ہے کہ پہلے ارسلان کو قتل کیا گیا اور بعد میں طارق کو قتل کیا گیا۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈویژن علی رضا کے مطابق واقعہ کے حوالہ سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا تاہم تحقیقا ت جاری ہیں اور امید ہے کہ جلد ملزمان کو ٹریس کر لیا جائے گا۔ اہلخانہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ملزمان مقتول کے ہم جماعت تھے انہوں نے کیوں قتل کیا اس بارے میں انہیں کچھ علم نہیں۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024