گج ڈیم تعمیر کیس:سپریم کورٹ نے وزیر توانائی، وزیر خزانہ اور سیکریٹری کابینہ کو منگل کوطلب کر لیا
سپریم کورٹ نے گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس میں وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب، وزیر خزانہ اسد عمر اور سیکریٹری کابینہ کو منگل کے روز طلب کر لیا۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہاہے کہ خواہش تھی کہ میرے ہوتے ہوئے گج ڈیم کی تعمیر کا معاملہ حل ہو جاتا، مگر بعض خواہشیں خواہشیں ہی رہ جاتی ہیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سی ڈی ڈبلیو پی کی میٹنگ میں ڈیم کی تعمیرکی سفارش ایکنک کو کر دی گئی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اس طرح تو یہ معاملہ ایکنک میں جا کر پھنس جائے گا، خواہش تھی کہ میرے ہوتے ہوئے معاملہ حل ہو جاتا، مگر بعض خواہشیں خواہشیں ہی رہ جاتی ہیں۔جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ابھی چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ میں ایک ہفتہ باقی ہے۔عدالت عظمی نے حکم دیا کہ آئندہ پیر تک سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس کے منٹس عدالت میں پیش کیے جائیں۔سپریم کورٹ نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر توانائی عمر ایوب اور سیکریٹری کابینہ کو طلب کر کے سماعت منگل تک ملتوی کردی۔