بار الیکشن کے امیدوار پارٹیز،کھانے اور چائے کا بندوبست نہیں کرینگے، شفقت علی بھٹی
راولپنڈی )نعمان اصغر)پنجاب بار رولز کے مطابق تمام امیدواروں کو پابند کیا گیا ہے کہ بلواسطہ یا بلاواسطہ کسی قسم کی الیکشن پارٹیز،کھانے اور چائے کا بندوبست نہیں کریں گے ،راولپنڈی بار کے الیکشن میں پنجاب بار رولز کے مطابق ووٹر کے لئے ضروری ہے کہ وہ پنجاب بار کونسل کا کارڈ جس کے اوپر ووٹر ممبر راولپنڈی لکھا ہونا ضروری ہے ہمراہ لائیں اور پنجاب بار کونسل کارڈ کے علاوہ اور کوئی کارڈ قابل قبول نہ ہو گا وگرنہ ایسی صورتحال میں ایسے ووٹر کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،ان خیالات کا اظہار راولپنڈی بار کے چئیرمین الیکشن بورڈ شفقت علی بھٹی نے ’’نوائے وقت‘‘ کو انٹر ویو دیتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ الیکشن بورڈ کے تین ممبران ہیں جن میں بشارت اللہ خان،سردار نجیب الرحمن اور چوہدری عمر حیات شامل ہیں اور صدارت کے بھی تین امیدوار ہیں ملک تحسین خالد،سید تنویر سہیل شاہ اور شاہد محمود عباسی جبکہ نائب صدر کی نشست کے لئے دو اور سیکرٹری کی نشست کے لئے بھی دو امیدوار ہیں ،جوائنٹ سیکرٹری کے لئے تین امیدوار ہیں جن میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے اور فنانس سیکرٹری،لائبریری سیکرٹری،آڈیٹراور مجلس عاملہ کے ارکان بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں ،تقریباً تین ہزار وکلاء اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ،انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز پروجیکشن میٹنگ ہوئی جس میں صدر،نائب صدر،سیکرٹری اور جوائنٹ سیکرٹری کے امیدواران نے اپنا اپنا منشور پیش کیا ہے اور اس اجلاس کی صدارت راولپنڈی بار کے صدر خرم مسعود کیانی اور چئیرمین الیکشن بورڈ نے کی ہے ،الیکشن کے دوران بیلٹ پیپرز کی تصویر لینے پر سختی سے پابندی لگائی گئی ہے اور ایسا کرنے والے ووٹر کے خلاف ریفرنس پنجاب بار کونسل بھیجا جائے گا اور اس کا ووٹ کینسل تصور ہو گا،پولنگ صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی اور پولنگ ختم ہوتے ہی آدھے گھنٹہ کے وقفہ کے بعد گنتی کا عمل شروع ہو جائے گا ،انہوں نے کہا گنتی مکمل ہوتے ہی الیکشن بورڈ حتمی نتیجہ موجودہ صدر راولپنڈی بار کے حوالے کرے گا پھر صدر بار حتمی نتیجہ کا اعلان کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بارش ہونے کی صورت میں مناسب اقدامات کئے گئے ہیں تا کہ کسی ووٹر کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ،الیکشن بورڈ کی طرف سے عائد تمام پابندیوں پر تما م امیدواروں نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیکشن بورڈ کے ساتھ تعاون کیا ہے اس کے علاو ہ امیدوار ان اور سپورٹران حضرات کے لئے پابندی یہ بھی ہے کہ وہ کسی قسم کا بینر،بیج اور سٹیکر وغیرہ نہیں لگائیں گے ۔