کراچی سمیت سندھ بھر میں جان بچانے والی ادویات کا بحران
کراچی(نیوز رپورٹر)کراچی سمیت سندھ بھر میں جان بچانے والی ادویات کا بحران پیدا ہوگیا ہے جبکہ پاکستان میں باہر سے آنے والی ڈیڑھ سو سے زائد ادویات نایاب ہوگئی ہیں۔نایاب ہونے والی دواﺅں میں دل کے امراض، ہیپا ٹائٹس اے، مرگی کی ادویات شامل ہیں جبکہ ڈرگ اتھارٹی صورت حال پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔سروے کے مطابق اس وقت صوبے بھر کے میڈیکل اسٹورز پر امراض قلب، مرگی، بچوں کے کھانسی کے سیرپ، حفاظتی ویکسین اور ہیپاٹائیٹس اے، اینٹی رے بیز اور سانپ کے کاٹنے کی صورت میں لگائی جانے والی ویکسین بھی دستیاب نہیں ہیں۔شہر کے میڈیکل اسٹوروں پر ایم ایم آر، چکن پاکس کی ادویات بھی دستیاب نہیں ہیں۔سروے کے مطابق ادویات کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ وفاقی حکومت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ابھی تک صورت حال سے نمٹنے میں ناکام نظر آرہی ہیں۔ذرائع کے مطابق سارا کھیل قیمتیں بڑھانے کا ہے، میڈیسن کمپنیوں نے حکومت سے درآمدی ادویات کی قیمتوں میں 50فیصد اضافے کی درخواست کر رکھی ہے۔اس ضمن میں ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے عہدیداروں نے بتایاکہ ادویات پر سبسڈی اورعوام کی جیب دیکھ کر ریٹ بڑھائے جائیں۔