کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کو شفافیت اور انصاف کی بروقت فراہمی ممکن بنانے کی ہدایت : حسن عباس
لاہور (پ ر) محکمہ امداد باہمی لاہور ڈویژن کا اجلاس زیر صدارت جوائنٹ رجسٹرار کوآپریٹوز لاہور ڈویژن حسن عباس منعقد ہوا۔ جس میں ڈویژن کے افسران نے شرکت کی۔ جس میں لاہور ڈویژن میں کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کی کارکردگی اور پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے قرضہ جات اور ان کی وصولی کا جائزہ لیا گیا۔ جوائنٹ رجسٹرار کوآپریٹوز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب منصور قادر کی ہدایت پر ممبران کوآپریٹو سوسائٹیز کو تمام سہولیات کی بروقت فراہمی کو ممکن بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ محکمہ امداد باہمی کے علم میں آیا ہے کہ ہائوسنگ مافیا کے ساتھ محکمہ امداد باہمی کی چند کالی بھیڑیں بھی ملی ہوئی ہیں جن کا قلع قمع ضروری ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کوآپریٹو ایکٹ میں دیئے گئے اختیارات میں رہتے ہوئے ممبران کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ محکمہ کی رٹ قائم ہو سکے اور ممبران کے مفادات کو تحفظ مل سکے۔ انہوں نے کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ممبران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز شفافیت اور انصاف کی بروقت فراہمی کویقینی بنائے ،انہوں نے پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے قرضہ جات کی وصولی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرضہ جات کے اجراء اور وصولی کے کام کو بروقت ممکن بنائیں۔ اجلاس میں ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹوز لاہور رانا شکور احمد خان، سرکل رجسٹرار لاہور جلیل احمد قریشی اور قصور سے سرکل رجسٹرار ایڈیشنل چارج ساجد حسین اورشیخوپورہ سے سرکل رجسٹرار چودھری نثار احمد ، ننکانہ صاحب سے محمد امین ڈوگراور تمام اسسٹنٹ رجسٹرار لاہور اور متعلقہ تحصیل افسران بھی شریک ہوئے۔