رب کی خوشنودی کیلئے تمام نفرتیں بھلا کر ایک ہو جائیں،پیر حسان حسیب الرحمن

Feb 11, 2025

راولپنڈی (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے )حضور نبی کریم  ؐ کے میلاد پاک کے سلسلہ میں تیسری عظیم الشان محفل میلادِ مصطفی  ؐ کا انعقاد مراکیوال سیالکوٹ کے مقام پر مشہور تاجر ملک نوید نے کیا جس کی صدارت عید گاہ شریف کے سجادہ نشین روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن تھے۔ محفل میلادِ مصطفی  ؐ سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہمیں چاہیے ربِ رحمان کے حکم کو مانتے ہوئے آپس کی تمام نفرتیں بھلا کر ایک ہو جائیں،اسی میں امتِ اور وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی و بقا  ہے۔ عشقِ رسول  ؐ ہی وہ قوت ہے جس سے کائنات تسخیر کی جا سکتی ہے۔ خانقاہی نظام عشقِ رسول مقبول  ؐ کے فروغ کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ اولیا اللہ نے اس جذبے سے سرشار ہو کر  لوگو ں کے دلوں کو مسخر کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک نوید نے کہا ہماری سالانہ محفلِ میلادِ مصطفی  ؐ میں پیر محمد نقیب الرحمن و پیر محمد حسان حسیب الرحمن کی تشریف آوری  باعثِ صد افتخار ہے ۔ عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی  ؐ میں بذریعہ قرعہ اندازی 6 عمرہ کے ٹکٹ اور 6موٹر سائیکل  خوش نصیبوں میں تقسیم کئے گئے۔ محفل میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، نعت خوانانِ عظام، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا  اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔

مزیدخبریں