وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آسان کاروبار یقینی بنانا اور سیاحت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
وہ آج اسلام آباد میں ممتاز مشاورتی کمپنی Mckinsey کے مینجنگ ڈائریکٹر Kevin Sneader سے باتیں کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے تاجربرادری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
سیاحت کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی بھرپور گنجائش ہے اور اس شعبے کو فروغ دینےسے نہ صرف غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی بلکہ نوجوانوں کےلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام توانائی کے شعبے میں ماضی کے حکمرانوں کی بد انتظامی اور ناقص پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں نقصانات پر قابو پانا اور عوام پر بوجھ کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔