لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور میں بڑھتی ٹریفک اور قوانین کی خلاف ورزی پر تعمیر ہونے والے کمرشل پلازوں نے لاہور میں پارکنگ کے مسائل میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے جس کی آڑ میںلاہور میں ٹائون انتظامیہ کی ملی بھگت سے ناجائز پارکنگ سٹینڈ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ جس سے شہریوں کو ریلیف ملنے کی بجائے اذیت میں مبتلا کردیا ہے ۔ لاہوریوں کیلئے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی پارکنگ نہ ہونے سے جگہ جگہ ناجائز پارکنگ سٹیشن قائم ہو چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ٹریفک اور پارکنگ کا دبائو کئی گنا بڑھنے سے سڑکوں، پلازوں، مارکیٹوں اور دفاتر کے باہر گاڑیاں، موٹر سائیکل پارک کئے نظر آتے ہیں، شہریوں کے پیدل چلنے والے فٹ پاتھ پر ضلعی انتظامیہ نے پارکنگ سٹینڈ قائم کر دئیے ہیں جس سے پیدل چلنا دشوار ہو گیا ہے۔ ضلعی حکومت کی طرف سے پارکنگ نظام کو موثر نہ بنانے کے اقدامات سے لاہور میں پارکنگ کے نہ ختم ہونے والے مسائل نے جنم لے لیا ہے۔ داتاگنج بخش ،اقبال ٹاون ،سمن آباد ،راوی ٹائون، گلبرگ ٹاون میں ناجائز پارکنگ کے کئی سٹینڈ قائم ہیں اور کمرشل پلازوں کا حجم بھی سڑکوں اور فٹ پاتھ تک پھیلا نظر آتا ہے جو ٹاون انتظامیہ کی ملی بھگت کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ٹائون انتظامیہ کی خاموشی سے پارکنگ کے ٹھیکوں کے بغیر سٹینڈ تو موجود ہی ہیں وہیں ضلعی پارکنگ سٹینڈ بھی میلوں تک پھلے نظر آتے ہیں مگر اس کے باوجود شہریوں کو پارکنگ کی جگہ نہیں مل رہی۔ شہریوں کی سہولت کے لئے موثر پارکنگ کے نظام کو قائم کرنے میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اور ٹائون انتظامیہ کی دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان مسائل کی وجہ سے مال روڈ ،گلبرک ،شاہ عالمی مارکیٹ ،اردوبازار ، نیلا گنبد ، اقبال ٹائون مون مارکیٹ ،گڑھی شاہو ،سٹیشن ،بادامی باغ ، ایجرٹن روڈ پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی بے ترتیبی ہر جگہ نظر آتی ہے۔ لاہور انتظامیہ نے ٹائون انتظامیہ کو اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی ہدایات جاری نہیں کی جس کی وجہ سے لاہور میں پارکنگ کا مسئلہ ہر طرف نظر آتا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کو اس سلسلے میں فوری نوٹس لیتے ہوئے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کرنے چاہیے۔
بڑھتی ٹریفک، غیر قانونی پلازوں نے پارکنگ مسائل میں کئی گنا اضافہ کر دیا
Feb 11, 2019