غیرملکی سکیورٹی ماہرین کا پی ایس ایل فائنل کے انتظامات پر اظہار اطمینان

11 فروری 2018 (14:39)
غیرملکی سکیورٹی ماہرین کا پی ایس ایل فائنل کے انتظامات پر اظہار اطمینان

غیرملکی سکیورٹی ماہرین نے پی ایس ایل فائنل کے لئے کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کراچی میں پی ایس ایل فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران غیرملکی سیکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن نے کہا کہ آج مختلف سیکیورٹی ایجنسیوں نے بریفنگ دی جبکہ فائنل کے لئے سکیورٹی انتظامات حوصلہ افزا ہیں۔رگ ڈیکاسن نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے سکیورٹی انتظامات پہلا قدم ہے، سکیورٹی کے انتظامات سے مطمئن ہوں جو کہ بین الاقوامی معیار کے ہیں اور اس حوالے سے 7 روزمیں رپورٹ دوں گا۔خیال رہے کہ ریگ ڈیکاسن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا)کے ساتھ منسلک ہیں اور وہ سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیجیں گے۔ پی ایس ایل فائنل کے لئے فل ڈریس ریہرسل کی گئی جس میں ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک غیرملکی کھلاڑیوں کو لانے کی مشق کی گئی۔ پولیس اور رینجرز کے ہزاروں اہلکاروں نے فل ڈریس ریہرسل میں حصہ لیا جبکہ اس موقع پر سوک سینٹر، ڈالمیا، کارساز اور نیو ٹان سے اسٹیڈیم کی جانب جانے والے تمام راستے بند کیے گئے۔نیشنل اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت میں کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فل ڈریس ریہرسل کی نگرانی بھی کی گئی۔ تربیتی مشق کے دوران کسی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے موبائل اسپتال بھی موجود رہی جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی موجود تھے۔ فائر بریگیڈ اور ایمولینس بھی نیشنل اسٹیڈیم کے باہر موجود رہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اسٹیڈیم کے اندر جانے والی گاڑیوں کی تلاشی بھی لیتا رہا۔ خیال رہے کہ 22فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لئے 4وینیوز کا استعمال کیا جائے گا جہاں 34میچز کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ کے تمام لیگ میچز دبئی اور شارجہ میں جبکہ پلے آف کے 2میچز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔