سینڈ والی بال کا انعقاد پر ویز احمد شیخ کا کارنامہ ہے، حضرت احمد
کوٹری(نامہ نگار) حیدر آباد میں سینڈ والی بال کا تاریخ ساز انعقاد ریکارڈ ساز آرگنائزر پر ویز احمد شیخ کا کارنامہ ہے یہ ان کی والی بال کے فروغ کیلئے سندھ والی بال ایسو سی ایشن سے تعاون کی ایک اور مثال ہے ۔ ان خیالات کا اظہار والی بال کے سینئر کھلاڑی و حیدر آباد ڈویژن کے کپتان حضرت احمد نے جامشورو والی بال ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام، حیدر آباد ڈویژنل والی بال اور المپک اسپورٹس کمیٹی کے مشترکہ تعاون سے دریائے سندھ کے کوٹری کنارے پر ڈاکٹر محمد علی شاہ اسپورٹس فیسٹیول جامشورو کے سلسلے میں پہلی بار منعقدہ تاریخی سینڈ والی بال ایونٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ آرگنائزنگ سیکریٹری پر ویزاحمد شیخ نے سندھ والی بال ایسو سی ایشن کے صدر انجینئر شاہ ظفر اور سیکریٹری شاہد مسعود کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایونٹ کو منعقد کرنے کی اجازت دی تاکہ مستقبل میں کراچی کے ساحل کے علاوہ کوٹری جامشورو، گولارچی بدین ، گھوڑا باری ٹھٹھہ ، لب مہران سکھر اور دیگر دریائی اور ساحلی علاقوں میں بھی سینڈ والی بال کے مقابلے منعقد کرنے میں مدد مل سکے۔ بعد ازاں حضرت احمد نے سروس کر کے ایونٹ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی میچ میں سعادت علی اور حیدر علی پرمشتمل جامشورو شہباز نے ذاکر حسین اور جاوید علی پر مشتمل جامشورو ایگلز کو دوسرے میچ میں معاذ علی اور وقار الاسلام پر مشتمل حیدر آبادشباب نے نصب رحیم خان اور غفران خان پر مشتمل حیدر آباد اسٹارز کو ہرایا ۔ قبل ازیں کھیلے گئے آزمائشی ریگو لر والی بال میچ میں شباب والی بال کلب حیدر آباد نے زین والی بال کلب کو شکست دی۔