پی ایس ایل فائنل، غیر ملکی ماہر آج فل ڈریس ریہرسل کا جائزہ لینگے

11 فروری 2018

کراچی(اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان سپر لیگ3کے فائنل کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے غیر ملکی ایکسپرٹ ریگ ڈکاسن کراچی پہنچ گئے۔ریگ ڈیکاسن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن(فیکا)کے ساتھ منسلک ہیں، جن کا استقبال پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران نے کیا۔ریگ ڈیکاسن پی ایس ایل فائنل کے لیے کراچی میں سیکیورٹی ریہرسل کا جائزہ لیں گے، حال ہی میں ورلڈ الیون ٹیم کے دورہ لاہور کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں بھی ان کی ہی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔کراچی آمد کے موقع پر ریگ ڈیکاسن کا کہنا تھا کہ وہ انتظامات کا جائزہ لیں گے اور دیکھیں گے کہ سفارشات پر کتنا عمل ہوا ہے۔دوسری جانب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کی تیاریاں جاری ، اس سلسلے میں سیکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے جب کہ پولیس، رینجرز ،اسپیشل سیکورٹی یونٹ اور سیکیورٹی اداروں نے سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کے لیے ریہرسل شروع کردی۔ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ فائنل میچ کیلئے جلد تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی جائے کھلاڑیوں کی کراچی آمد پر انھیں عالمی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اس ضمن میں سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔سیکیورٹی پلان پر عمل کے لیے پولیس،رینجرز ، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، اسپیشل برانچ اور سیکیورٹی ادارے مربوط اقدامات کررہے ہیں تحفظ کی آزمائشی مشق شروع کردی گئی ۔موٹر کیڈ گاڑیوں کا وہ قافلہ ہوتا ہے جس میں کھلاڑی، آفیشل اور غیرملکی مہمان سوار ہوتے ہیں موٹر کیڈ میں کھلاڑیوں کی کوچ ، ایمبولینس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سیکیورٹی کی گاڑیوں کی ترتیب طے کی گئی موٹرکیڈ 6 موٹرسائیکلوں، ایک بکتر بند اور 18 گاڑیوں پر مشتمل تھا جس میں پولیس اور رینجرز کی موبائلیں بھی شامل تھیں۔موٹر کیڈ کا آغاز پی آئی ڈی سی پر واقع نجی ہوٹل سے ہوا جوکہ ایم ٹی خان روڈ ، مائی کلاچی روڈ ، بلاول ہاس چورنگی ، دو تلوار چورنگی ، تین تلوار چورنگی اور کلفٹن پل سے ہوتا ہوا واپس پی آئی ڈی سی پر اختتام پذیر ہوا اس سلسلے میں ڈی آئی جی عمران یعقوب منہاس ن کے مطابق سیکیورٹی اقدامات کی ریہرسل مرحلہ وار کی جائے گی جوکہ 3 روز تک جاری رہے گی۔