پی ایس ایل افتتاحی تقریب ‘ گلوکاروں کی فہرست جاری

11 فروری 2018

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے سیزن کی افتتاحی تقریب 22 فروری کو دبئی میں ہوگی جہاں مشہور صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور امریکی اسٹار جیسن ڈیرلو رنگا رنگ تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں تقریب میں شامل گلوکاروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں علی ظفر اور شہزاد رائے کا نام بھی ہے۔علی ظفر نے گزشتہ برس بھی پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ گایا تھا اور تیسرے سیزن میں بھی انھی کی آواز شامل ہے۔پی سی بی کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں رات 8 بجے شروع ہونے والی تقریب میں آتش بازی کے علاوہ دیگر دلچسپ پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے بعد ٹورنامنٹ کا پہلا میچ دفاعی چمپیئن پشاور زلمی اور نئی ٹیم ملتان سلطان کے درمیان ہوگا۔خیال رہے کہ پی ایس ایل میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے جو دبئی، شارجہ اور لاہور میں ہوں گے جبکہ 25 مارچ کو ٹورنامنٹ کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کی تمام ٹیمیں پلے آف سے پہلے گروپ کی سطح پر ایک دوسرے سے دو، دو میچ کھیلیں گی جہاں سے چار ٹیمیں پلے آف میں چلی جائیں گی۔