سری لنکا ڈھاکہ کے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 215رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی
ڈھاکہ(اے پی پی)سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 215 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی۔ بنگلہ دیشی ٹیم 339 رنز کے تعاقب میں 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے سپنر اکیلا دننجایا نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ روشن سلوا کو دونوں اننگز میں نصف سنچریاں سکور کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو یہاں شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، ڈھاکہ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 200 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 226 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، روشن سلوا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 70 رنز بنائے، تیج الاسلام نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ آئی لینڈرز نے پہلی اننگز میں 112 رنز کی سبقت حاصل کرنے کی وجہ سے بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 339 رنز کا ہدف دیا۔ بنگلہ دیشی بلے باز دوسری اننگز میں بھی سری لنکن بائولرز کو اعتماد سے نہ کھیل سکے، دننجایا اور رنگنا ہیراتھ کی عمدہ بائولنگ کی بدولت میزبان ٹیم محض 123 پر ڈھیر ہوگئی، مومن الحق 33 اور مشفق الرحیم 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تمیم اقبال 2 ، امرالقیس 17 ، لٹن داس 12 ، کپتان محمد اللہ 6 اور صابر رحمان ایک رن بنا سکے۔ کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے نوجوان سپنر اکیلا دننجایا نے 5 جبکہ رنگنا ہیراتھ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ روشن سلوا کو میچ اور سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔