سی پیک منصوبہ گلگت بلتستان کیلئے بھی گیم چینجر ثابت ہو گا،حافظ حفیظ الرحمان
مدینہ منورہ(جاوید اقبال بٹ)سی پیک منصوبہ گلگت بلتستان کے لیے بھی گیم چینجر ثابت ہو گا۔دوست نما ممالک بھی سی پیک کی مخالفت کر رہے ہیں جبکہ سی پیک پر قومی اتحاد ہے جوائینٹ ایکشن پلان کے تحت ہر ایک چینی باشندے کے ساتھ ایک سیکورٹی والا متعین ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے مدینہ منورہ میں ’’نوائے وقت ‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ سی پیک کے تناظر میں گلگت بلتستان میں سپیشل پولیس یونٹ کے لیے 3بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ ہم صرف اللہ سے ڈرتے ہیں جبکہ اللہ کے فضل کی بدولت 2015 ء سے مسلم لیگ ن کی حکومت کے بعد کوئی سنگل واقعہ بھی نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کی تعمیر سے فاصلے کم اور سفر محفوظ اور تیز رفتار ہوا ہے ۔20لاکھ سیاح سیرو تفریح کے لیے آئے ہیں۔ نواز شریف نے وزیر اعظم کی حیثیت سے تعمیر و ترقی میں 70سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بلتستان یونیورسٹی، پہلا میڈیکل کالج،پہلا لا کالج،پہلاکینسرہسپتال،پہلا کارڈیالوجی ہسپتال اس کی مثالیں ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں پہلی جماعت سے دسویں تک کتب فری دی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیامر یونیورسٹی کیمپس کا افتتاح بھی آئندہ ماہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت جو اختیارت باقی صوبوں کے پاس ہیںوہ گلگت بلتستان کو بھی ایک ماہ میں ٹرانسفر ہو جائیں گے۔ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کسی کامہرہ ہے اور کسی کے اشاروں پر سیاست کر رہاہے۔ اس نے گالی گلوچ جھوٹ اور نفرت ،تہمت کی سیاست کو پروان چڑہایا ہے۔ وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمان نے کہاکہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں عمران خان نے گلگت بلتستان میں20جلسے اور 2ہیلی کاپٹر استعمال کئے اور ایک سیٹ حاصل کی تھی۔جبکہ نواز شریف کا 1جلسہ ہوا تھا اور 22 سیٹیں جیتیں۔وزیر اعلی نے جاوید اقبال بٹ کو سرکاری طورپر گلگت بلتستان کا مطالعاتی دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر اکرم اعوان،محمد عظیم اشرفی، ڈاکٹر حماد،فردوس جمال، ظفر اقبال طائف ،نعیم اخترطائف،ڈاکٹر عارف، خورشید طائف، غلام نبی مدنی ،محمد نزیر بٹ اور دوسرے احباب بھی موجود تھے۔