سینیٹ الیکشن کیلئے 4جماعتوں کا متفقہ امیدوار، مجلس عمل میں واپسی گناہ سمجھتا ہوں :سمیع الحق

11 فروری 2018

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ وہ ہونے والے سینٹ الیکشن میں آزاد رکن کی حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف انہیں سپورٹ کرے گی۔ سینٹ انتخابات کے حوالے سے 4 جماعتوں کا متفقہ امیدوار ہوں کیوں کہ میرے تجویز اور تائید کندگان 4 مختلف جماعتوں سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ تحریک انصاف میں شامل نہیں ہوئے بلکہ اس کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔دینی جماعتوں کے سیاسی اتحاد ایم ایم اے سے متعلق سوال پر مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے میں جانے کے بجائے گھر میں بیٹھنا بہتر سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ مجلس عمل میں جانے کو گناہ سمجھتے ہیں کیوں کہ اسلام کے نام پر ہم قوم کو دوبارہ دھوکا نہیں دے سکتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان سینیٹر شپ کے لیے صرف 36 روپے لگے ہیں اور وہ بھی خیبر بازار سے تصویریں کھنچوانے میں خرچ ہوئے ہیں۔ میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی 1985 سے 2008 تک سینٹر رہے ہیں، چاروں الیکشن میں اللہ نے سرخرو کیا اور اللہ نے چاہا تو اس مرتبہ بھی سینیٹ کا رکن بنوں گا۔انہوں نے کہا کہ فی الحال سینیٹ میں جنرل اور ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہر بار جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر لوگوں نے ووٹ دیے اور وہ اب بھی تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔