الیکشن کمشن سینٹ الیکشن میں ارکان اسمبلی کی خریدوفروخت کا نوٹس لے: سراج الحق

11 فروری 2018

لاہور( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ سینٹ کے انتخابات میں ارکان اسمبلی کی خرید و فرو خت کا سختی کے ساتھ نوٹس لیا جائے ۔ امیدوار ووٹ خریدنے کے لیے پر تول رہے ہیں اور ارکان اسمبلی کی باقاعدہ مویشی منڈیاں اور جانوروں کی طرح بولیاں لگائی جارہی ہیں ۔ سراج الحق نے اس صورتحال کو ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر ایوان بالا میں لوگ دولت کے بل بوتے پر پہنچنے لگے تو ملک دشمن عناصر کو اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ تمام محب وطن قوتوں اور قومی اداروں کو بھی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے اس ناسور کو مزید پھیلنے سے روکنا چاہیے اور ارکان اسمبلی پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ جن ارکان اسمبلی کے بارے میں معلوم ہو اور ثبوت مل جائیں کہ انہوں نے ضمیر کا سودا کیاہے انہیں ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر کے نااہل قرار دے دیا جائے تاکہ آئندہ بکائو مال پاکستان کے آئینی اداروں تک نہ پہنچ سکیں۔ سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی قبائلی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔ انہیں قومی وسائل میں سے ملک کے دیگر علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی طرح حصہ ملناچاہیے ۔انہوںنے کہاکہ حکمرانوں کے پاس عوامی مسائل کے حل کا کوئی منصوبہ نہیں ۔حکمران خود عوام پر بوجھ بنے ہوئے ہیں ۔ عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات کرپٹ اور بددیانت حکمرانوں سے نجات کاذریعہ ہیں ۔ عوام ان لٹیروں کے چنگل میں پھنسنے کی بجائے دیانتدار اور باکردار قیادت کا انتخاب کریں۔