کرد پولیس نے داعش کے سینکڑوں جنگجوؤں کو موت کی سزائیں دیں:ہیومن رائٹس واچ

11 فروری 2018

نیویارک(این این آئی)ہیومن رائٹس واچ نے شمالی عراق میں کرد سکیورٹی اداروں پر شدید الزامات عائدکرتے ہوئے کہاہے کہ کرد پولیس نے داعش کے سیکڑوں جنگجوؤں کو موت کی سزائیں دیں،بغیر عدالتی کارروائی کے قتل کے بعد ان داعشی جنگجوئوں کو اجتماعی قبروں میں دفنا دیا گیا، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی اس تنظیم کی مشرق وسطٰی کی شاخ کی سربراہ لاما فقیہہ نے کہاکہ کرد پولیس نے گزشتہ برس اسلامک سٹیٹ کے کئی سو جنگجوؤں کو کسی عدالتی کارروائی کے بغیر موت کی سزائیں دی تھیں۔ ان کے بقول ان افراد کی نعشوں کو اجتماعی قبروں میں دفنا دیا گیا۔ ہیومن رائٹس واچ نے یہ رپورٹ کرد اداروں کے سابق ملازمین اور چند چشم دید گواہوں کے بیانات کی روشنی میں تیار کی ہے۔ اس موقع پر ان واقعات کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔