اشتعال انگیز تقاریر کیس: چالان جمع نہ کرانے پر عدالت برہم‘ 6 تفتیشی افسران کو جیل بھیجنے کا حکم

11 فروری 2018

کراچی (آئی این پی ) کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کیس کی سماعت پر پولیس کی جانب سے چالان جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چھ تفتیشی افسران کو جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے فاروق ستار و دیگر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی۔ ہفتہ کو کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کیس کی سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے چالان جمع نہ کرانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چھ تفتیشی افسران کو جیل بھیجنے کا حکم د یدیا۔ سماعت کے موقع پر فاروق ستار اور عامر خان عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ اس موقع پرفاروق ستارنے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جسے منظور کرلیا گیا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت دس مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر پولیس حکام کو کیس سے متعلق حتمی چالان پیش کرنیکا حکم دیا۔