ایچ بی ایل کے ملازمین کا معاشی قتل بند کیا جائے‘ ایکشن کمیٹی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایچ بی ایل کے ریٹائرڈ کئے جانے والے ملازمین کی ’’فائٹ فار رائٹس ایکشن کمیٹی‘‘ نے پرنس کریم آغا خان سے اپیل کی ہے کہ حبیب بنک میں ملازمین کے معاشی قتل عام کو رکوائیں۔ گزشتہ روز راہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 22 دسمبر 2017 ء کو 144 ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیو یارک میں بینک کو 22 ارب روپے کا جرمانہ کیا گیا۔ یہ بھاری تنخواہیں لینے والوں کی غلطی کی وجہ سے ہوا۔ جبکہ معمولی تنخواہ پر ملازمین کو جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا۔ ان میں 45 سے 55 سال تک کے ملازمین شامل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو بحال کیا جائے۔ ملازمین کی پنشن اور دیگر سہولیات بحال کی جائیں۔ ماسٹر اینڈ سرونٹ رول کو ختم کیا جائے۔ چیف جسٹس آف پاکستان سوموٹو ایکشن لیں۔