’’سلام ائیر لائن‘‘ نے مسقط سے ملتان کیلئے پرواز یں شروع کردیں

11 فروری 2018

ملتان(نوائے وقت نیوز) سلام ائیرلائن نے اولیاء کی سرزمین ملتان کیلئے باقاعدہ فلائٹس کا آغاز کردیا۔ پہلی فلائٹ اومان سے ملتان پہنچ گئی۔پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے سکیورٹی کلیئرنس کے بعد اومان گروپ کی جانب سے محفوظ اور معیاری ہوائی سفر کی سہولت کو ایوی ایشن کی دنیا میں خوشگوار اضافہ قرار دیا گیا ہے۔ مسافر جیریز کے ذریعے بُکنگ کرائیں گے اور صرف 25 ہزار میں مسقط سے ملتان کا سفر ممکن ہوگا۔ ملتان سلام ائیر لائن کی تیسری منزل ہے۔ جو سیالکوٹ اور کراچی جانے والی فلائٹس کیلئے بھی معاون ثابت ہوگی۔ دونوں ممالک کے مابین فضائی سفر سے رابطے مستحکم ہوں گے۔ ہفتہ وار پرواز مسقط کے مقامی وقت کے مطابق دِن 11 بجکر 55 منٹ پر ٹیک آف کرے گی اور سہ پہر ساڑھے 3 بجے ملتان پہنچے گی۔اِسی طرح واپسی پر ملتان سے 4بجکر 50 منٹ پر پرواز کرتے ہوئے 6 بجکر 35 منٹ پر مسقط پہنچے گی۔ سلام ائیر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن محمد احمد کے مطابق مسقط اومان میں مقیم پاکستانیوں کو سفر کی بہتر سے بہتر سہولت فراہم کی جائے گی۔ اِس روٹ کی ڈیمانڈ زیادہ ہونے کے باعث سلام ائیر نے اپنے سفری مہمانوں کیلئے ملتان کو منزل بنایا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا تھا کہ سلام ائیر لائن پاکستان کے مزید شہروں بشمول اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد کیلئے بھی پروازیں شروع کرنے اور موجودہ پروازوں کی تعداد بڑھانے کا سوچ رہی ہے۔ سروس کے آغاز سے لیکر اب تک سلام ائیر لائن کم لاگت پر مبنی بزنس ماڈل پورے خطے سے منسلک کرنے کیلئے پرُ عزم ہے۔