سیٹوں کی خرید و فروخت میرٹ کا قتل اور مقدس ایوان بالا کی توہین ہے،علامہ راجہ ناصر

11 فروری 2018

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ ) سینیٹ الیکشن سے قبل سیٹوں کی خرید و فروخت میرٹ کا قتل اور مقدس ایوان بالا کی توہین ہے، ایوان بالا مملکت پاکستان کا مقدس ادارہ ہے جس کے تقدس اور بالادستی کو قائم رکھنا تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ سینٹ پاکستان کے آئین اور قانون بنانے کے عمل کا اہم ترین حصہ ہے اگر سینیٹ جیسے حساس اور اثررکھنے والے ادارے میں ذمہ داریاں ادا کرنیوالے اراکین میرٹ اور قابلیت کی بجائے کسی معاہدے یا سرمائے کے بل بوتے پر آئیں گے تو پاکستا ن کے لئے صرف مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گا۔ ایوان بالا کو ربڑ سٹمپ بنانے والوں کیخلاف اعلی عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیئے۔ہمیں ان قانون ساز اداروں میں خواہ وہ صوبائی ہوں یا مرکزی ان میں ہارس ٹریڈنگ اور دولت کے بل بوتے آنے والوں کا راستہ روکنا ہوگااور اس کے لئے ضروری ہے کہ مناسب قانون سازی کی جائے جس سے جماعتیں ایسے افراد کو سامنے لائیں جو کہ اہلیت رکھتے ہوں۔