بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آبادمیں گرین پاکستان شجر کاری مہم کل سے شروع ہو گی
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آبادمیںگرین پاکستان شجر کاری کی مہم پیر سے شروع ہو گی ۔ اس ضمن میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ اسلامی یو نیورسٹی میںشجر کاری مہم کے انچارج الطاف بارقی نے"نوائے وقت" کو بتایاکہ اس مہم کے دوران مجموعی طور پر پانچ ہزار پودے لگائے جا ئیں گے ۔ جن میںسایہ دار سر سبز درختوںسمیت مالٹا،کینو ،امرود،لوکاٹ اور فالسہ جیسے پھلدار درختوں کے پودے بھی شامل ہیں ۔ شجر کاری مہم کے انچارج کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے احاطے میں30 ایکڑرقبہ پر پودے لگائے جائیں گے ۔اوپن گرائونڈ کے علاوہ مختلف ڈیپارٹمنٹس کے لان میں بھی پودے لگانے کا پروگرام ہے۔ ان پودوں میں ڈیڑھ لاکھ روپے کی لاگت سے آئے ہوئے 500پودے صنوبر کے ہیں جنکی عمر 3سے 5 سال ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی میںاس سال ہونے والی شجر کاری30 ایکڑ رقبہ پر کی جائے گی۔ اوپن گرائونڈ پر15ایکڑ رقبہ شجر کاری کے لئے تیارکر دیاگیاہے ۔ جبکہ مزید 15ایکڑ اراضی پر اگلے ہفتے سے کام شروع کیا جائے گا۔الطاف بارقی کا کنہا تھا کہ پودے دوست پرور ماحول فراہم کرتے ہیں ۔ یہ صدقہ جاریہ بھی ہے۔ اگر پودوں کی حفاظت کی جائے انہیں وقت دیا جائے تو یہ انسانوں سے باتیں بھی کرتے ہیں۔ جون ، جولائی کی سخت گرمی میں جب کوئی ان کے سائے میں بیٹھتا ہے تو اس کے دل سے پودا لگانے والے کے لئے دعا نکلتی ہے۔