میڈیا منشیات کی روک تھام کیلئے شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے،صلاح الدین

11 فروری 2018

اسلام آباد(خبر نگار) اسلام آباد میںنیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے وزارت نارکوٹیکس کنٹرول کے تعاون سے منشیات کی روک تھام کے لئے شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک خصوصی واک کا اہتمام کیا،واک فیصل مسجد سے شروع ہوا، وزیر برائے نارکوٹیکس کنٹرول لفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی مہمان خصوصی تھے۔ سیکرٹیری وزارت نارکوٹیکس کنٹرول اقبال محمود، ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹیکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک، ڈپٹی انسپکٹر جنرل ہیڈ کواٹر ز ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اشفاق احمد، موٹروے پولیس کے دیگر سینئر افسران اور مختلف سکولوں و کالجوں کے طلباء و طالبات کے ایک کثیر تعداد نے واک میں شرکت کی۔ وزیر برائے نارکوٹیکس کنٹرول لفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی نے کہا کہ نشے سے پاک پاکستان ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ منشیات کی روک تھام کسی ایک فرد ، ادارے یا حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس مسئلے کو ملکی قومی سطح پر مشترکہ انداز سے حل کیا جانا چاہیے۔ تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور ارباب کڑی نظر سے نو خیز نسل کا جائزہ لیں اور ان کو منشیات سے بزور روکیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑھ کر میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ منشیات کی روک تھام کے لئے شعور اجاگر کرنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ہیڈ کواٹر اشفاق احمد نے کہا کہ موٹروے پولیس نے نئی پولیسنگ کلچر متعارف کروائی ہے اور عوام میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے بارے میں نئی سوچ پید ا کی ہے۔