مظفر گڑھ: ناقص اشیاء رکھنے پر سیل دکان جمشید دستی نے زبردستی کھلوا دی

11 فروری 2018

مظفر گڑھ‘ خان گڑھ (نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت) مظفرگڑھ میں ناقص اشیاء رکھنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مٹھائی کی دکان سیل کی تو جمشیددستی نے زبردستی سیلیں توڑ کر دکان کھلوا دی۔ منڈا چوک پر الخیر سویٹس اور جنرل سٹور سیل کرنے کی اطلاع ممبرقومی اسمبلی جمشیددستی کو پہنچی تو وہ اپنے ساتھیوں کیساتھ پہنچ گئے۔ جمشیدد ستی نے خود مٹھائی کی دکان کی سیلیں توڑیں اور زبردستی دکان کھول دی۔ سیل شدہ دکان کھولنے کے بعد جمشیدد ستی اور اہل علاقہ نے منڈا چوک پر احتجاج بھی شروع کردیا اور روڈ مکمل طور پر بلاک کردیا۔ جمشید دستی کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی غریب دکانداروں کیخلاف بلاوجہ کاروائیاں کر رہی ہے۔