چوہدری نثار کو مریم نواز کے کردار پر نہیں کم عمری پر اعتراض ہے، مشاہد اﷲ
اسلام آباد (اے این این) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی اور مسلم لیگ(ن) کے ترجمان مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان کو مریم نواز کی کم عمری پر اعتراض ہے، مریم نواز کے سیاسی کردار پر مسلم لیگ(ن) میں کسی کو کوئی مسئلہ نہیں ،یہ پارٹی پر برا وقت ہے اور اس میں مریم نواز نے جو کردار ادا کیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ابھی ن لیگ کی قیادت مریم کو سونپنے کی کوئی بات نہیں ہوئی ،اٹھائیس سال کا بچہ پیپلزپارٹی کا لیڈر بن سکتا ہے تو مریم نواز تو 45سال کے قریب ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مریم نواز باصلاحیت ہیں اور ان کا پارٹی میں ایک کردار ہے۔ ہماری جماعت میں موروثی سیاست نہیں ، موروثی سیاست بادشاہت میں ہوتی ہے جب ڈاکٹر کا بیٹا ڈاکٹر ، انجینئر کا بیٹا انجینئر اور پائلٹ کا بیٹا پائلٹ ہوسکتا ہے تو سیاستدان کا بیٹا یا بیٹی سیاست کیوں نہیں ہوسکتی ۔ مریم نواز میاں نواشریف کی بیٹی ہونے کی وجہ سے نہیں اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے آگے آئی ہیں ، نوازشریف کی ایک اور بیٹی اور دو بیٹے بھی ہیں وہ آگے کیوں نہیں آئے؟ انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور مریم نواز اداروں کیخلاف کوئی بات نہیں کررہے ، عدالتی فیصلے عدلیہ کا آئینی اختیار ہے اور ان پر تنقید بھی آئینی اختیار ہے کیونکہ عدالتی فیصلے پبلک پراپرٹی ہوتے ہیں ،عدلیہ کا سب احترام کرتے ہیں لیکن جس طرح جے آئی ٹی بنائی گئی اور اس کے ارکان نے ریمارکس دیئے پھر ججز نے جس طرح کے ریمارکس دیئے ان کا جواب دینا یا اس پر اظہار رائے عدلیہ کیخلاف بات نہیں ہے ۔اس معاملے کو اس طرح نہیں لینا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں میں قیادتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں کبھی ہماری جماعت میں بھی قیادت تبدیل ہو گی اور اگر ایسا ہوا تو مریم نواز میں قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں اور اس بات کو پاکستان کے اکیس کروڑ عوام سمجھ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار علی خان کا مریم نواز کو بچی کہنا ان کیخلاف بیان دینا نہیں ہے وہ نوازشریف کے بچوں کو بچوں کی طرح ہی سمجھتے ہیں اگر خواجہ آصف اور چوہدری نثار کا آپس میں مسئلہ ہے تو یہ ہے یہ ہر پارٹی میں ہوتا ہے اس میں کوئی برائی نہیں ہے مسئلہ تب ہوتا ہے جب کوئی پارٹی قائد سے اختلاف کا اظہار کرے یہ تمام لوگ نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں اس کا اظہار آج چوہدری نثار علی خان نے بھی کردیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ چوہدری نثار علی خان کو مریم نواز کے کردار پر نہیں کم عمری پر اعتراض ہے لیکن عمروں میں کیا پڑا ہے ، اگر اٹھائیس سال کا بچہ پیپلزپارٹی کا لیڈر بن سکتا ہے تو مریم نواز تو 45سال کے قریب ہیں ۔