وزیراعظم آزاد کشمیر ناکام ہو چکے، عبوری ایکٹ 74 میں ترمیم ہم نے منظور کی: چودھری یٰسین
اسلام آباد (این این آئی) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے عبوری ایکٹ 74 ء میں ترامیم کا مسودہ قانون ہم نے اپنے دور حکومت میں منظور کرکے کمیٹی کے سپرد کر دیا تھا، اب راجہ فاروق حیدر کی ذمہ داری ہے وہ پاکستان میں اپنی حکومت سے اس کی منظوری لیںاور مشترکہ اجلاس میں پیش کریں۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا راجہ فاروق حیدر خان ایکٹ 74 میں ترامیم ،کشمیر کونسل کے اختیارات میں کمی لوڈشیڈنگ ختم کرنے ،نیلم جہلم پراجیکٹ کا معاہدہ کرنے سمیت معاملات خود طے نہیں کروا سکے اور اپنی ناکامی اپوزیشن کے گلے ڈال رہے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر حکومت چلانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے۔ انکو اپوزیشن سے مدد کی ضرورت ہے تو بتائیں قومی معاملات پر اپوزیشن اپنا کردار ادا کرنے کے لئے حاضر ہے۔