سی ٹی او لاہور سے اپیل

11 فروری 2018

مکرمی! ٹائون شپ ،کالج روڈ ایک معروف ترین روڈ اور کھوکھر چوک ایک اہم چوک ہے، جسکے چاروں اطراف 20کے قریب شادی ہال ہیں ایک شادی کا آنکھوں دیکھا حالCTOلاہور کی خصوصی توجہ کیلئے بیان ہے۔ 7جنوری ہفتہ رات8-1/2بجے اس روڈ سے سکوٹر پر گھر جا رہا تھا کھوکھر چوک پر چاروں اطراف ٹریفک کازبردست اژدھام تھا۔ ایک جانب سے دولہا سہرا باندھے چند باراتیوں کے ہمراہ بھاگے بھاگے شادی ہال کی جانب جا رہے تھے کہ 9بج چکے تھے۔ جبکہ شادی ہال9-1/2بجے کے بعد لائٹس آف کرنا شروع کر دیتے ہیں چوک کے مشرقی جانب سے ایک دلہن بیوٹی پارلر سے تیار ہو کر چند سہیلیوں کے ہمراہ گاڑیوں سے نکل کر حواس باختہ ہو کر شادی ہال کوبھاگے بھاگے جا رہی تھیں۔ ہفتہ اور اتوار کے دنوںمیں شادیاں زیادہ ہوتی ہیں ۔اس دن صرف ایک ٹریفک وارڈن ٹریفک کنٹرول کر رہا تھا جو اسکے بس سے باہر نظر آ رہا تھا۔ ہم اہلیان ٹائون شپ کالج روڈ سی ٹی او سے استدعا کرتے ہیں کہ کھوکھر چوک میں ہفتہ اور اتوار کے ایام میں کم از کم 4ٹریفک وارڈن کی خصوصی ڈیوٹی لگائی جائے تا کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی جاری رہے۔ (محمد سرفراز خان سماجی راہنما سابقہ کونسلر شپ لاہور)